صوبے کا نظام درست چل رہا ہے، غلط بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمان سے متعلق پوسٹس جعلی ہیں، یہ سب کھیل تماشا ہے — سلمان اکرم راجہ

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ صوبے کے انتظامی امور معمول کے مطابق چل رہے ہیں، یہ تاثر سراسر غلط ہے کہ صوبے کا نظام ٹھپ ہو چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام وزارتوں اور محکموں کا چارج وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس موجود ہے، سیکرٹری صاحبان اپنے فرائض بھرپور طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔
داہگل ناکے کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا نظام پوری طرح فعال ہے، تمام فیصلے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹس کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب من گھڑت پروپیگنڈا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ تمام کھیل تماشا ہے، کبھی ایک کو آگے لایا جاتا ہے، کبھی دوسرے کو، عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے اور اصل فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔”
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وفاقی سطح پر صوبائی حکومت کے خلاف پھیلایا جانے والا بیانیہ حقائق کے منافی ہے، عوام گمراہ کن خبروں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت صوبے میں ترقیاتی کاموں اور گورننس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
