کوئٹہ پولیس کی شہریوں کو گھروں اور مارکیٹوں سے اٹھا کر ہراساں کرنے، رشوت طلبی اور دھونس دھمکیوں کی شکایات معمول بن گئیں ہیں ‘ آئی جی نوٹس لیں ‘ پشتونخوا میپ کا مطالبہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی ایگزیکٹیوز کا اجلاس *پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع سیکرٹری سید شراف آغا* کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں *خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی* کی شہادت کی 52ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ میں مرکزی جلسہ عام کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا گیا۔
اجلاس میں کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ جلسہ عام کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں، گھر گھر عوامی رابطہ مہم تیز کریں، پارٹی جھنڈے آویزاں کریں اور وال چاکنگ کے ذریعے بھرپور تیاری کریں۔
اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے چاروں تحصیلوں میں علاقائی کانفرنسوں کے شیڈول کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ ایگزیکٹیوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ بروقت اور جمہوری انداز میں کانفرنسوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں *منان خان بڑیچ، صورت خان کاکڑ، حیات خان میرزئی، حضرت عمر ایڈووکیٹ، گل خلجی، اقبال بٹیزئی، حفیظ ترین* اور *آزاد خان خلجی* سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
رہنماؤں نے خطاب میں کہا کہ *افغان مہاجرین اور پشتون عوام کے ساتھ انتظامیہ اور پولیس کا طرزِ عمل قابلِ افسوس ہے۔* ایگل سکواڈ اور پولیس کی جانب سے شہریوں کو گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں سے اٹھا کر ہراساں کرنا، رشوت طلب کرنا اور دھونس دھمکیوں کے ذریعے شہریوں کو تنگ کرنا روزمرہ معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ *آئی جی پولیس اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے،* کیونکہ ایگل سکواڈ شہریوں کو سڑکوں پر روک کر لوٹ مار اور تشدد جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ *فارم 47 کی حکومت عوامی مسائل سے مکمل طور پر غافل ہے۔* کرپشن، اقربا پروری اور کمیشن خوری عروج پر ہے۔ بنے بنائے سڑکوں کو کمیشن کے لیے توڑا جا رہا ہے جبکہ جن علاقوں کو ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے وہاں کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے *کوئٹہ زرعی یونیورسٹی کی عمارت کو نجی ادارے کے حوالے کرنے کے فیصلے کو عوام دشمن اقدام* قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل حکومت کی بدانتظامی اور تعلیم دشمنی کی عکاسی کرتا ہے۔
پشتونخوامیپ رہنماؤں نے *چوری، ڈکیتی، منشیات فروشی اور بڑھتے جرائم* پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ *شہری اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں رہے۔* حاجی غوث الکوزئی محلہ میں چوروں کی فائرنگ سے *حاجی عبدالخالق اچکزئی* اور *مولوی منان صاحب* کے زخمی ہونے کے باوجود پولیس کی بےحسی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ *منشیات کا ناسور ہر گلی محلے تک پھیل چکا ہے،* اور نشے کے عادی نوجوان علاج کی سہولت نہ ہونے کے باعث معاشرے کا بوجھ بنتے جا رہے ہیں۔ حکومت فوری طور پر *نشے سے نجات کے مراکز قائم کرے* اور علاج کی مؤثر سہولیات فراہم کرے۔
اجلاس میں *گیس لوڈشیڈنگ اور کیسکو کی غیر اعلانیہ بجلی بندش* کو عوام دشمن پالیسی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ رات 10 بجے کے بعد گیس بند کرنے کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے۔ کیسکو حکام شہریوں سے بدسلوکی اور 18 گھنٹے کی طویل بندش کا نوٹس لیں۔
آخر میں اعلان کیا گیا کہ *ضلع کوئٹہ کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس یکم نومبر سہ پہر ساڑھے تین بجے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔*

WhatsApp
Get Alert