بلوچستان ہائی کورٹ نے بار کونسل انتخابات سے متعلق آئینی درخواستیں ایڈووکیٹ جنرل کے سپرد کردیں

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس گل حسن ترین پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بلوچستان بار کونسل انتخابات 2025-30 سے متعلق دو آئینی درخواستوں — سی پی نمبر 1724/2025 اور سی پی نمبر 1632/2025 — پر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں درخواستیں ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان، بطور چیئرمین بلوچستان بار کونسل، کے سپرد کردیں۔
درخواست گزاروں میں منظور احمد شاہ ایڈووکیٹ، عالمگیر خان ایڈووکیٹ، نواب سلیم ایڈووکیٹ اور ملک سمنادر خان کاکڑ ایڈووکیٹ شامل تھے جنہوں نے انتخابات میں شفافیت، امیدواروں کی فیس، فنڈز کے استعمال اور قانونی ترامیم سے متعلق مختلف اعتراضات اٹھائے تھے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اس مرحلے پر کوئی عدالتی حکم جاری کرنے سے انتخابی عمل متاثر ہوسکتا ہے، لہٰذا مناسب سمجھا گیا کہ درخواستوں کو ریٹرننگ آفیسر و ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو بھیجا جائے تاکہ وہ تمام فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کریں اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں۔
