قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی ہوں گے، جے یو آئی اور پی ٹی آئی میں اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر عشائیہ دیا جس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر، شہرام ترکئی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، پارلیمانی حکمت عملی اور خطے کے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی، جس پر دونوں جماعتوں میں محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں قومی امن جرگہ کے انعقاد کی تجویز پیش کی جس کا مولانا فضل الرحمان نے خیرمقدم کیا، جبکہ سینیٹ کی خالی نشست پر جے یو آئی سے تعاون کی بھی درخواست کی گئی۔
