ایچ بی ایل اور پی ایس ایل میں شراکت داری برقرار، آئندہ دو ایڈیشنز بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 اور 12 کہلائیں گے

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) نے اپنی شراکت داری کے ایک نئے مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئندہ دو ایڈیشنز بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کہلائیں گے۔ اس معاہدے کے تحت ایچ بی ایل نے فیئر مارکیٹ ویلیو کے مطابق اپنی اسپانسرشپ برقرار رکھنے کا حق استعمال کیا ہے۔
یہ شراکت داری پی ایس ایل اور ایچ بی ایل کے درمیان ایک دس سالہ مضبوط تعلق کی توثیق کرتی ہے۔ ایچ بی ایل 2016 سے لیگ کا واحد اور مسلسل ٹائٹل اسپانسر رہا ہے، جبکہ لیگ کے آغاز سے اب تک ٹائٹل اسپانسرشپ کی قدر میں 505 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ ایچ بی ایل کا تعاون پاکستان کرکٹ کے اعتماد اور ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ایچ بی ایل صرف اسپانسر نہیں بلکہ ہمارا شراکت دار ہے، اور ہم آئندہ دو سیزنز کو مزید کامیاب بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔”
ایچ بی ایل کے چیف انفارمیشن اینڈ ٹرانسفارمیشن آفیسر ابرار احمد میر نے کہا کہ “ایچ بی ایل کو دو مزید سالوں کے لیے پی ایس ایل کے ساتھ جڑے رہنے پر فخر ہے۔ ہمارا مقصد اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت بنانا ہے۔”
جبکہ چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر علی حبیب نے کہا کہ “ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک قومی ادارہ بن چکا ہے۔ سپانسرشپ میں توسیع ہمارے عزم اور ‘این ایبلنگ ڈریمز’ کے فلسفے کی عکاسی کرتی ہے۔ ایچ بی ایل ہمیشہ قومی سطح کے منصوبوں کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔”
