ملک میں آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کے لیے جدوجہد جاری رہے گی — پشتونخواملی عوامی پارٹی


چمن + قلعہ عبداللہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن اور ضلع قلعہ عبداللہ کی ضلعی کمیٹیوں کے علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے، جن میں شہید خان عبدالصمد خان اچکزئی کی 52ویں برسی کی تیاریوں اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ضلع چمن کے اجلاس کی صدارت پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے کی، جبکہ ضلع قلعہ عبداللہ کے اجلاس کی صدارت ضلع آرگنائزر میروائس خان اچکزئی نے کی۔ اجلاسوں میں ضلعی، تحصیلی، علاقائی اور ابتدائی یونٹس کے اجلاسوں کے فوری انعقاد اور 2 دسمبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام کی بھرپور تیاری کے فیصلے کیے گئے۔
اجلاسوں سے مرکزی سیکرٹری صلاح الدین اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر، ضلع چمن کے قائمقام سیکرٹری حاجی جمال اچکزئی، ضلع ڈپٹی سیکرٹری عبدالقیوم خدکو، تحصیل بوغرہ سیکرٹری ظہور خان اچکزئی، تحصیل چمن شہار سیکرٹری اولس یار خان اچکزئی، تحصیل روغانی سینئر معاون سیکرٹری احمد زئی، جمعہ خان اچکزئی، ضلع آرگنائزر میروائس خان اچکزئی، سینئر ڈپٹی آرگنائزر و ڈسٹرکٹ کونسل ڈپٹی چیئرمین اکبر خان کاکڑ، اختر گل، محمد ولی، محمد عمر پشتون اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ملک میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قوموں کے آئینی حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں واحد جمہوری و اصولی رہنما جو قوم کو متحد کر سکتے ہیں وہ محمود خان اچکزئی ہیں، جنہوں نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے افکار کو زندہ رکھا اور پارٹی کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر جمہوری قوتوں میں نمایاں مقام دلایا۔
مقررین نے کہا کہ ملک میں آئین پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا جس کے خلاف “تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان” محترم مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو ہر سطح پر اس تحریک میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا اور ہر قسم کے حالات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
اجلاسوں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ 2 دسمبر کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ عام پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سیاسی تاریخ کا اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ پارٹی نے تمام کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور جلسہ عام کی کامیابی کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔

WhatsApp
Get Alert