بلوچ خواتین اپنی محنت، عزم اور قابلیت کے ذریعے قومی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں ’ آئی جی ایف سی

بلوچ خواتین نے ہمیشہ تعلیم، طب، بیوروکریسی، سیاست اور انتظامی امور سمیت ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ڈاکٹر مالک ‘ مینا مجید ‘ ظہور بلیدی


کیچ (قدرت روزنامہ) ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام ضلع کیچ میں “معاشرتی ترقی میں بلوچ خواتین کا کردار” کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد بلوچستان کی خواتین کے سماجی و معاشرتی کردار اور علاقائی ترقی میں ان کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی، سابق صوبائی وزیر میر اسلم بلیدی، ارکانِ بلوچستان اسمبلی، مقامی سیاسی رہنما، سول انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں کے نمائندے، اساتذہ، ڈاکٹرز، دانشور اور تقریباً 200 خواتین نے شرکت کی۔
سیمینار کے پینل میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید، سابق رکن اسمبلی مسز ماہ جبین شیران، اور پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حبیب شامل تھیں۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچ خواتین نے ہمیشہ تعلیم، طب، بیوروکریسی، سیاست اور انتظامی امور سمیت ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرتی ترقی ایک ارتقائی عمل ہے جس میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے۔ بلوچ خواتین اپنی محنت، عزم اور قابلیت کے ذریعے قومی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی ثقافتی و اخلاقی اقدار کے ساتھ ترقی کے عمل میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچ خواتین کو تعلیم، روزگار اور قیادت کے مساوی مواقع فراہم کر کے صوبے کی ترقی اور استحکام میں ان کے کردار کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert