وزیراعلیٰ بلوچستان کا کرم آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین — “وطن کے بہادر سپوتوں نے ایمان و عزم کی روشن مثال قائم کی”

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر نے ضلع کرم کے علاقے ڈوگر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر پاک فوج اور دیگر اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ
“وطنِ عزیز کے بہادر سپوتوں نے جس دلیری، حوصلے اور قربانی کے جذبے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزمِ ایمان کی روشن مثال ہے۔”
انہوں نے کیپٹن نعمان سلیم اور ان کے پانچ ہمراہی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن و استحکام کے دشمن ہیں، مگر پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ
“انسدادِ دہشت گردی مہم ‘عزمِ استحکام’ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے تک جاری رہے گی۔”
انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور ان کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert