کوئٹہ میں چچا کے قتل کا مقدمہ، ملزم کو عمر قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا
ایڈیشنل سیشن جج عبدالقادر بلوچ کا فیصلہ، عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں مزید قید، ملزم محمد جان ساسولی نے 2022ء میں گھر کے اندر فائرنگ کر کے چچا کو قتل کیا تھا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج VII کوئٹہ جناب عبدالقادر بلوچ نے چچا کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم محمد جان ساسولی کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
استغاثہ کے مطابق، ملزم محمد جان نے سال 2022ء کے دوران پولیس تھانہ صدر کوئٹہ کی حدود میں اپنے گھر کے اندر فائرنگ کر کے اپنے چچا کو قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو گزشتہ روز سنایا گیا۔ عدالت نے ملزم کو زیر دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان کے تحت جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے مزید حکم دیا کہ ملزم کو زیر دفعہ 13/D کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 3 سال قید اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی دی جاتی ہے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 2 ماہ قید بھگتنی ہوگی۔
سزا سنائے جانے کے بعد مجرم کو جیل منتقل کر دیا گیا۔ مقدمہ میں سرکار کی جانب سے پیروی اے ڈی پی پی طاہر خان نے کی۔
