ڈیرہ بگٹی میں المناک حادثہ: ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے کمسن بچیوں سمیت تین افراد جاں بحق، 16 زخمی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا نوٹس، ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

ڈیرہ بگٹی (قدرت روزنامہ)ڈیرہ بگٹی سوئی روڈ پر جن موڑ کے قریب پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں تین کمسن بچیوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی محمد حسنین ابڑو کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کاشتکار پیشے سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی دشت گوران سے مٹ علاقے منتقل ہو رہی تھی کہ ٹریکٹر ٹرالی اچانک الٹ گئی۔ حادثے کے بعد قریبی چیک پوسٹ پر موجود ایف سی کے جوانوں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی محمد زوہیب کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر محمد حسنین ابڑو، ایریا انچارج اے ڈی بگٹی اور لیویز اہلکار موقع پر پہنچے اور جاں بحق ہونے والی تین بچیوں — سکینہ (12 سال)، رائبہ (7 سال) اور زبائی (5 سال) — کی لاشوں کے ساتھ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert