بلوچستان کے نوجوانوں کو علم و ہنر سے لیس کرکے روزگار فراہم کیا جائے گا، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

جماعت اسلامی کے زیراہتمام "بنو قابل پروگرام" کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی تعلیم و تربیت دی جائے گی — پاکستان و افغانستان کے درمیان نفرت اور لڑائی دونوں ممالک کے نقصان میں ہے، امیر جماعت اسلامی بلوچستان


گوادر (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ان کے حقوق دلائے جائیں گے۔ حکمران طبقہ عوام کو جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے اعلانات سے بہلا رہا ہے، جبکہ جماعت اسلامی عملی اقدامات کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے گوادر میں مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو علم اور ہنر سے آراستہ کرکے صوبے میں روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی نفرت، جھوٹے پروپیگنڈے اور زبردستی کی پالیسیوں کو دونوں ممالک کے نقصان اور دشمن کے فائدے میں قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانوں کو بے عزت کرکے یا دھکے دے کر نکالنا دانشمندی نہیں بلکہ ایک بڑی غلطی ہوگی۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اعلان کیا کہ “بنو قابل پروگرام” کے تحت بلوچستان بھر کے ہزاروں نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مفت تعلیم، تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں کامیاب آغاز کے بعد اب “بنو قابل پروگرام” جعفرآباد، گوادر، لورالائی، ژوب اور دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت، محنتی اور محب وطن ہیں، ضرورت صرف بہتر رہنمائی اور سہولتوں کی ہے تاکہ وہ ترقی، خوشحالی اور خود کفالت کے راستے پر گامزن ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert