سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں، خدمت کو شعار بنائیں، عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، چیف سیکرٹری بلوچستان

محکمہ تعلیم و صحت میں عارضی بھرتیاں، اشیائے خوردونوش کے نرخوں پر سخت نگرانی، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی تیز کرنے کی ہدایت


(ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں اور عوامی خدمت ان کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدردی اور جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ عام شہری کی زندگی میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔
وہ جمعرات کو کوئٹہ میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکریٹری اطلاعات عمران خان، سیکریٹری انڈسٹریز خالد سرپرہ، صوبائی کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز (ویڈیو لنک کے ذریعے) شریک تھے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود کے لیے شفاف اور مؤثر طرزِ حکمرانی کے قیام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم اور صحت میں عارضی بنیادوں پر نئی بھرتیاں کی گئی ہیں، جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔
انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ تیسرے مرحلے میں خالی آسامیوں کو جلد از جلد پُر کیا جائے، جبکہ صحت کے محکمے کو ہسپتالوں میں ادویات کی مکمل اور بروقت فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کی۔
چیف سیکرٹری نے اشیائے خوردونوش کے سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو معیاری اور سستا سامان فراہم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو کھلی کچہریوں کے انعقاد جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی تاکہ عوامی شکایات موقع پر ہی حل ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فعال رکھیں تاکہ عوام تک سرکاری معلومات اور رہنمائی بر وقت پہنچائی جا سکے۔ ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے نفاذ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ مختلف اضلاع سے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا عمل جاری ہے، اور بڑی تعداد میں افراد واپس جا چکے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو اس عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

WhatsApp
Get Alert