چمن بارڈر سے افغان مہاجرین کے انخلا کا سلسلہ تیزی سے جاری، مشکلات کے باوجود وطن واپسی برقرار


چمن (قدرت روزنامہ)چمن پاک افغان سرحد پر افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ بدستور اور بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ تاہم، سرحدی انتظامات میں سست روی کے باعث افغان مہاجرین کو مشکلات کا سامنا ہے۔کچھ روز قبل نادرا کی ناکافی سہولیات کے باعث مہاجرین کو طویل انتظار اور دشواریوں کا سامنا تھا۔ حکومتی ایکشن کے بعد نادرا کاؤنٹرز میں اضافہ کر کے یہ مسئلہ تو حل کر لیا گیا، لیکن اب گزشتہ روز سے چمن بارڈر کے ذریعے جانے والے افغان مہاجرین کو روانگی کے موقع پر نئی مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق، نادرا سے فارغ ہونے کے بعد بارڈر پر گاڑیوں کی تلاشی کے نام پر رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، جس کے باعث افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ ہولڈنگ کیمپ سے لے کر بارڈر تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں

جبکہ اردگرد کے میدان بھی لوگوں سے بھر چکے ہیں۔اپنے وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں، شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ دن کے وقت گرمی اور رات کے وقت سردی کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔علاقہ مکینوں اور سماجی نمائندوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو تیز اور شفاف بنایا جائے تاکہ انسانی ہمدردی کے تحت ان کی تکالیف میں کمی لائی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert