جیوانی: سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش ناکام، ایف آئی اے نے 9 افراد کو گرفتار کرلیا

گوادر(قدرت روزنامہ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جیوانی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے خفیہ اطلاع پر جیوانی میں کارروائی کی۔ گرفتار کیے گئے تمام افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے، جن میں سے 6 کا تعلق منڈی بہاؤ الدین، 2 کا گوجرانوالہ اور ایک کا تعلق شیخوپورہ سے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ افراد غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے پاکستان سے ایران جا رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزمان کا مقصد ایران پہنچنے کے بعد وہاں سے غیر قانونی طور پر دیگر ممالک جانا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
