پیپلز پارٹی غریب اور پسماندہ طبقے کی آواز ہے، عوام کی خدمت ترجیح ہے، حاجی علی مدد جتک
رکن صوبائی اسمبلی کی حلقے کے عوام سے ملاقات، مسائل کے فوری حل کیلئے محکموں کو ہدایات جاری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جو ہمیشہ غریب اور پسماندہ طبقے کی آواز بنی رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جتک ہاؤس آصف آباد میں اپنے حلقے سریاب کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
تفصیلات کے مطابق حاجی علی مدد جتک، جو اپنے عوامی خدمت کے جذبے اور عوام دوست رویے کے باعث سریاب کے عوام میں مقبول ہیں، نے ملاقات کے دوران عوام کے مسائل نہایت توجہ سے سنے۔ عوام نے اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے علاقے میں ترقیاتی کاموں میں سستی، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، پینے کے پانی کی قلت اور بجلی کے مسائل کی شکایات کیں۔
رکن صوبائی اسمبلی نے عوام کے پیش کردہ مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔
حاجی علی مدد جتک نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے خادم ہیں اور ان کی ہر ممکن خدمت ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سریاب کے تمام علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا تاکہ یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ سریاب کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
ملاقات کے لیے آنے والے عوام کی بڑی تعداد نے حاجی علی مدد جتک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ واحد نمائندہ ہیں جو ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں اور مسائل کو سنجیدگی سے حل کرانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
