جماعت اسلامی خاندانی، جاگیردارانہ اور سرداری سیاست کو مسترد کرتی ہے‘حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی بغیر اقتدار کے بھی عوام کی خدمت کر سکتی ہے، ہم گالی یا گولی نہیں، کتاب اور قلم سے مقابلہ چاہتے ہیں‘امیر جماعت اسلامی کا جلسہ عام سے خطاب


جعفرآباد میں بنو قابل پروگرام کے تحت جماعت اسلامی کا عظیم الشان جلسہ حافظ نعیم الرحمن اور مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کے ولولہ انگیز خطابات، نوجوانوں کے لیے امید، تعلیم اور خود انحصاری کا پیغام
کوئٹہ/جعفرآباد (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی کے ‘‘بنو قابل پروگرام’’ کے تحت جعفرآباد میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان، طلباء ، اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔جلسے سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن، صوبائی امیر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور رکن بلوچستان اسمبلی انجنیئر عبدالمجید بادینی نے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کا خطاب: تعلیم سب کے لیے، تفریق کسی کے لیے نہیں حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ بنو قابل پروگرام’’ کا مقصد صرف مسلمانوں نہیں بلکہ ہر مذہب، طبقے اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے ترقی اور تعلیم کے دروازے کھولنا ہے۔انہوں نے کہاہے کہ جماعت اسلامی تعلیم کو تجارت نہیں بلکہ حق سمجھتی ہے، اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر غریب، مڈل کلاس اور امیر بچے کو یکساں معیار کی تعلیم دی جائے۔انہوں نے نوجوانوں سے دو وعدے لیے — ایک یہ کہ وہ تعلیم کے حق کے لیے جدوجہد کریں، اور دوسرا یہ کہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے جماعت اسلامی کے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں۔حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہیکہ ‘‘جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر کے نوجوانوں کو آئی ٹی کے فری کورسز، اسکالرشپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرے گی، تاکہ وہ خود مختار بن سکیں، کسی کے محتاج نہ رہیں۔’’انہوں نے کہاہے کہ جماعت اسلامی خاندانی، جاگیردارانہ اور سرداری سیاست کو مسترد کرتی ہے، کیونکہ ‘‘یہ ملک چند وڈیروں، جاگیرداروں یا جرنیلوں کا نہیں، یہ نوجوانوں کا پاکستان ہے’’۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ‘‘پاکستان کے نظامِ تعلیم کو طبقاتی تقسیم سے آزاد کیا جائے، تاکہ بلوچستان کے بچے بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح آگے بڑھ سکیں۔’’حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں کو لاہور میں 21 تا 23 نومبر کو منعقد ہونے والے ‘‘بنو قابل کنونشن’’ میں شرکت کی دعوت دی، اور کہا ہے کہ ‘‘ہم ظلم کے نظام کو علم، کردار اور عمل سے شکست دیں گے، ان شاء اللہ پاکستان بھی آگے بڑھے گا اور بلوچستان بھی ترقی کرے گا۔’’مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اپنے خطاب میں کہاہے کہ مایوسی نہیں، جدوجہد ہمارا راستہ ہے صوبائی امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہاہے کہ نوجوان مایوس نہ ہوں، پرامن جدوجہد کو ترک نہ کریں۔ انہوں نے کہاہے کہ ‘‘اگر بلوچستان کے نوجوانوں کو یہاں کی سیاسی جماعتوں نے مایوس کیا ہے تو یاد رکھیں، اللہ سے مایوس ہونا ایمان کے خلاف ہے۔ جماعت اسلامی آپ کے ساتھ ہے، ہر قدم پر ساتھ رہے گی مولانا ہدایت الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی جلد ہی گوادر اور لورالائی میں بھی اسی نوعیت کے پروگرام منعقد کرے گی، تاکہ پورے بلوچستان کے نوجوانوں کو مفت تعلیم اور فنی تربیت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘اسلام آباد کے حکمرانوں کو ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی بغیر اقتدار کے بھی عوام کی خدمت کر سکتی ہے، ہم گالی یا گولی نہیں، کتاب اور قلم سے مقابلہ چاہتے ہیں۔’’انہوں نے نوجوانوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہیکہ ‘‘بلوچستان کا غیرت مند نوجوان اور بیٹی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرے گی۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیت، غیرت اور ایمانداری پر مکمل یقین ہے۔مولانا ہدایت الرحمن نے آخر میں کہا ہیکہ ‘‘ہم مل کر بلوچستان میں خوشحالی اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے، کیونکہ یہ سرزمین نوجوانوں کی امنگوں اور محنت سے ہی روشن ہوگی۔ تقریب میں رکن بلوچستان اسمبلی انجینئر عبدالمنیدبادینی امیر جماعت اسلامی جعفرآباد مولاناایوب منصور ودیگرنے بھی خطاب کیاہے۔

WhatsApp
Get Alert