بلوچستان حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے سرد موسم اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی باضابطہ درخواست دے دی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن بلوچستان کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ موسم کی شدت اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث انتخابات کو فی الحال ملتوی کیا جائے۔
واضح رہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبے کے چھ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) بھی مقرر کر دیا ہے۔
حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے، لہٰذا موسم بہتر ہونے اور سیکیورٹی حالات بہتر ہونے کے بعد نئی تاریخ دی جائے۔
