خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 52ویں برسی کی تیاریاں — پشتونخواملی عوامی پارٹی کا اجلاس، کارکنوں کو مہم تیز کرنے کی ہدایت

خان شہید نے نہایت کم عمری میں فرنگی سامراج کے خلاف اپنی سیاست کا آغاز کیا تھااور فرنگی سامراج نے انہیں دنیا کے قوانین اورخود اس برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن میں رائج قوانین کی پائمالی کرتے ہوئے انہیں ناقابل بیان تکالیف اور اذیتیں دیں ، عبدالرحیم زیارتوال


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میںمرکزی پارٹی کی جانب سے 2دسمبر 2025برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کے عظیم رہنماء عبدالصمد خان اچکزئی شہید کی 52ویں برسی کی تیاریوں کو زیر بحث لایا گیا اور مختلف فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے تنظیمی میٹنگز اور اس میں پارٹی ، عوام ، سیاسی جمہوری قوتوں کو متحرک کرنے کا فریضہ سرانجام دینے اور عوام کو جلسے میں شریک کرنے کی پر زور مہم چلائیں۔
اجلاس سے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خا ن اچکزئی ،سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان شہید نے نہایت کم عمری میں فرنگی سامراج کے خلاف اپنی سیاست کا آغاز کیا تھا اور فرنگی سامراج نے انہیں دنیا کے قوانین اورخود اس برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن میں رائج قوانین کی پائمالی کرتے ہوئے انہیں ناقابل بیان تکالیف اور اذیتیں دیں اور آخر کار خان شہید اور ان جیسے حریت پسندوں کی سیاسی جمہوری تحریک کے نتیجے میں انگریز کو جانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تشکیل کے بعد خان شہید عبدالصمد خا ن اچکزئی کے سیاسی جمہوری عوام دوست موقف پر عمل کیا جاتا آج ملک بحرانوں سے دوچار نہ ہوتا۔ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ملک کے جمہوری صف کے عظیم رہنماء ملی مشر محمود خان اچکزئی جو تمام ملک میں اپنی مقبولیت حاصل کرچکے ہیں اس طرح ملک کے قومی سوال اور ملک کے قوموں کے زبانوں ، ثقافتوں اور جمہوری حقوق کے حقیقی رہنماء کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی قیادت میں ملک کے آئین کو تحفظ دینے کے لیے جاری تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد میں اپنا مثبت وتعمیری کردار ادا کرنا ملک کے تمام سیاسی جمہوری قوتوں اور عوام کا اولین فریضہ ہے ۔
اجلاس میں پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل مالیات سیکرٹری آغا سید لیاقت علی ، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان،صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار ادریس خا ن بڑیچ، صورت خان کاکڑ، حضرت عمر ایڈووکیٹ، حفیظ ترین ، پارٹی کمیٹی کے اراکین خواجہ خان شیرانی ، ڈاکٹر قطب الدین شیرانی ، اعظم صاحب، رشتیار مل شیرانی ، جلات زلاند اور عبید اللہ حریفال بھی موجود تھے ۔

WhatsApp
Get Alert