حب کو بلوچستان کا ماڈل سٹی بنائیں گے، ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں: میر علی حسن زہری
صوبائی وزیرِ زراعت کی زیرِ صدارت حب ماسٹر پلان پر اعلیٰ سطحی اجلاس، افسران کو کام تیز کرنے اور عوامی رابطہ سیل کے قیام کی ہدایت

زہری فارم ہاؤس میں عوامی وفود سے ملاقاتیں، شہریوں کے مسائل سنے؛ موقع پر ہی حل کیلئے محکموں کو احکامات جاری
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی زیر صدارت حب میں ترقیاتی منصوبوں اور ماسٹر پلان پر پیش رفت کے حوالے سے زہری فارم ہاؤس میں لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد انہوں نے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود، قبائلی عمائدین اور سیاسی و سماجی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو، ایس ایس پی حب سید فاضل بخاری، چیئرمین میونسپل کارپوریشن بابو فیض شیخ، وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن عظیم سیاں، ڈسٹرکٹ چیئرمین جاوید جمالی اور دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران، ترقیاتی اداروں، انجینئرنگ ٹیموں اور محکمہ بلدیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء کو شہر میں جاری ترقیاتی کاموں، سڑکوں کی توسیع، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری سہولیات کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت حب کو ایک منظم اور جدید شہر کے طور پر ترقی دینا چاہتی ہے اور اسی مقصد کے تحت ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے مگر یہ وقتی تکالیف ہیں، اور ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہریوں کو وہ سہولیات میسر آئیں گی جن کا وہ برسوں سے انتظار کر رہے تھے۔
میر علی حسن زہری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عوامی رابطہ سیل قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے حب کو ترقیاتی فنڈ ملے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہمارا مقصد حب کو بلوچستان کا ایک ماڈل سٹی بنانا ہے جہاں شہریوں کو تعلیم، صحت، روزگار سمیت تمام سہولیات میسر ہوں”۔
دریں اثناء، زہری فارم ہاؤس میں عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل، شکایات اور علاقے میں درپیش مشکلات سے وزیرِ زراعت کو آگاہ کیا۔ میر علی حسن زہری نے عوام کے مسائل بغور سنے اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ان کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ “میں عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے اپنے لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں… عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور کسی بھی شکایت کے ازالے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی”۔ اس موقع پر شہریوں نے میر علی حسن زہری کے عوامی رویّے اور فوری ایکشن کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
