عمران خان کی رہائی اولین ترجیح ہے، مشترکہ لائحہ عمل کے تحت رہا کروائیں گے: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
پی ٹی آئی سندھ کے وفد کی سہیل آفریدی سے ملاقات، وزیر اعلیٰ کا جلد سندھ کا دورہ کرنے کا عندیہ

پشاور(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ مشترکہ لائحہ عمل کے تحت بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو رہا کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سندھ کے کارکنان و دیگر پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی سربراہی سندھ سے سابق ایم این اے سیف الرحمان کر رہے تھے۔
وفد نے سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے ملاقات کیلئے آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ کارکنان کا یہ جذبہ عمران خان سے والہانہ محبت کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہم سب کی اولین ترجیح ہے، کارکنان حوصلے بلند رکھیں اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کے وزیر اعلیٰ بننے سے کارکنان میں ایک نئی امید جاگی ہے اور پاکستان بھر سے کارکنان اور عوام کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کی دعوت پر سندھ کا دورہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس متعلق شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
