خیبرپختونخوا بار کونسل الیکشن: اے این پی کے ملگری وکیلان 13 نشستوں کے ساتھ سرفہرست
پشاور کی 7 میں سے 4 نشستیں بھی ملگری وکیلان کے نام، انصاف لائرز فورم 2 سیٹیں حاصل کر سکا

پیپلز لائرز فورم نے بونیر اور ڈی آئی خان سے کامیابی حاصل کی، دیگر فورمز کو محدود کامیابیاں ملیں
پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا بار کونسل کی 28 نشستوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں، جن کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے وابستہ ملگری وکیلان نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 13 نشستیں اپنے نام کرلی ہیں۔ ملگری وکیلان نے پشاور، مردان، صوابی، سوات اور کرک سے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔
پشاور کی سات نشستوں پر بھی ملگری وکیلان کا پلڑا بھاری رہا، جہاں انہوں نے چار نشستیں جیتیں، جبکہ انصاف لائرز فورم نے دو اور ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق، ملگری وکیلان کے حضر حیات نے سب سے زیادہ 926 ووٹ، فضل واحد نے 893، رفیق مہمند نے 861 اور بابر خان یوسفزئی نے 792 ووٹ حاصل کیے۔ انصاف لائرز فورم کی صوفیہ نورین 880 ووٹ اور علی زمان 875 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں۔ آزاد امیدوار محمد سعید 828 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
دیگر اضلاع کے نتائج کے مطابق، پیپلز لائر فورم کے سعید حکیم نے بونیر جبکہ حشمت نے ڈیرہ اسماعیل خان سے کامیابی حاصل کی۔ جمعیت لائر فورم کے فواد خان اور وقارالملک نے بھی اپنی اپنی نشستوں پر میدان مار لیا۔ مسلم لائر فورم کے حمایت یافتہ محمد علی خان ایبٹ آباد سے، جبکہ چترال سے اسلامک لائر فورم کے اکرام حسین کامیاب قرار پائے۔ آزاد امیدواروں میں فدا گل آفریدی بھی نمایاں رہے۔
