ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا ای چالان کے خلاف 60 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کے ہمراہ شاہراہ فیصل پر دھرنا دینے کا عندیہ


کراچی(قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ حکومت کے متعارف کردہ ای چالان سسٹم کو کراچی کے شہریوں کو لوٹنے کا نیا دھندہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف شدید احتجاج کا عندیہ دیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن سیکٹر فور بی میں عوامی رابطہ مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے، فاروق ستار نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر یہ نظام واپس نہ لیا گیا تو وہ 60 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کے ہمراہ شاہراہ فیصل پر دھرنا دیں گے۔
فاروق ستار نے سندھ حکومت پر الزام لگایا کہ وہ شہری سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، شہر تباہ حال ہے، لیکن اس کے باوجود شہریوں پر غیر منصفانہ اور وڈیروں جیسے ٹیکسوں کا بوجھ بڑھاتی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ای چالان کا نظام لاڑکانہ، کشمور اور دادو میں نافذ نہیں ہے، تو اسے صرف کراچی میں کیوں لاگو کیا جا رہا ہے؟
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ عوام سندھ حکومت کے غیر منصفانہ ٹیکسوں کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “فاختہ انڈے دے اور کوا انڈے کھا جائے” کا یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلے سڑکیں اور گٹر بنائے جائیں، پھر شہریوں پر ٹیکس لگائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈمپر اور کنٹینر تو شہریوں کی جان لے رہے ہیں، اب یہ لوگ شہریوں کے مال پر بھی ہاتھ ڈالنا چاہتے ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert