خیبرپختونخوا میں توانائی منصوبوں کی رفتارتیزکرنے کا فیصلہ، تاخیر پرسخت سزائیں ہونگی، سہیل آفریدی

پشاور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ توانائی و برقیات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیا جائے، بصورت دیگر تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں توانائی کے شعبے میں وفاق سے جڑے معاملات کو مؤثر اندازمیں اجاگر کیا جائے گا تاکہ صوبائی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے باضابطہ خط و کتابت شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
انہوں نے مقامی بجلی گھروں سے بجلی کی ترسیل و تقسیم کے لیے قابلِ عمل پلان تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی صنعتوں کو مقامی ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معیشت کی بحالی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور صنعتی ترقی کے لیے توانائی کے منصوبے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں، حکومت اس شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھا رہی ہے۔
