جمعیت مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز ہے، بلوچستان میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، سینیٹر مولانا عبدالواسع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام (ف) بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں جمعیت کو ملت اسلامیہ کی توانا آواز اور مظلوم مسلمانوں کی بے لاگ ترجمان قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے جس جرات اور حکمت سے امت کا مقدمہ لڑا ہے، اس سے باطل کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں اور ان کی بصیرت افروز قیادت نے ہر محاذ پر رہنمائی کی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ جے یو آئی ملک کے اندر اسلامی تشخص، نظریاتی اساس، آئینی بالادستی اور جمہوری استحکام کی جنگ لڑ رہی ہے اور اس کے کارکنان “حق گوئی بلاخوفِ ملامت” کے شعار پر گامزن ہیں۔
تاہم، رہنماؤں نے بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی واحد اکثریتی اور منظم جماعت ہے جسے عوام نے بار بار اعتماد دیا، مگر سازشوں اور مداخلتوں کے ذریعے ان کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور نمائندگی کو کم کر کے ایوانوں کو من پسند افراد سے بھر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں صرف اقتدار سے محروم نہیں کیا گیا، بلکہ ریکوڈک معاہدہ اور این ایف سی ایوارڈ جیسے قومی امور میں ان کے اصولی مؤقف کو “جرم” سمجھتے ہوئے ان کی حکومت کو گورنر راج کی تاریکیوں میں دفن کر دیا گیا، مگر انہیں اپنی جدوجہد اور قربانیوں پر فخر ہے۔
