بلوچستان میں نرسوں کی شدید قلت، عوامی و نجی شراکت سے نئے کالجز قائم ہوں گے

10 ہزار کے مقابلے میں صرف 1700 نرسیں موجود؛ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم فیصلے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت نرسنگ کے شعبے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انکشاف کیا گیا کہ بلوچستان میں نرسوں کی شدید کمی ہے اور 10 ہزار کی ضرورت کے مقابلے میں صرف 1700 نرسیں دستیاب ہیں۔

اس قلت پر قابو پانے کے لیے اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت صوبے کے تمام ڈویژن اور اہم اضلاع میں نرسنگ کالجز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی معاونت سے ہر سال دو ہزار تربیت یافتہ نرسیں تیار کی جائیں گی، جبکہ صوبے کے سرکاری نرسنگ کالجز بھی بدستور فعال رہیں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے زور دیا کہ نوجوانوں کو نرسنگ اور ہیلتھ کیئر کے جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کر سکیں اور انہیں بیرون ملک باوقار اور محفوظ روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کے لیے تربیت، ٹیکنالوجی اور سہولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان اور محکمہ صحت و خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے حکام نے شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert