اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 6 فیصد سے اوپر چلی گئی

آٹا، چکن، انڈے، سبزیوں اور دیگر اشیاء مسلسل مہنگی ہونے کا نتیجہ، سالانہ بنیاد پر اکتوبر 2025 میں مہنگائی 6.24 فیصد ریکارڈ کی گئی


اسلام آباد (قدرت نیوز ) ملک بھر میں اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 6 فیصد سے اوپر چلی گئی، آٹا، چکن، انڈے، سبزیوں اور دیگر اشیاء مسلسل مہنگی ہونے کا نتیجہ، سالانہ بنیاد پر اکتوبر 2025 میں مہنگائی 6.24 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبرمیں صارفین کیلئے قیمتوں کاعمومی اشاریہ 6.24 فیصد ریکارڈ کیا گیا جوستمبرمیں 5.6 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 7.2 فیصد تھا،شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کاعمومی اشاریہ اکتوبرمیں 6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جوستمبرمیں 5.5 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 9.3 فیصد تھا،دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کاعمومی اشاریہ6.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جوستمبرمیں 5.8 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 4.2 فیصد تھا،اکتوبرمیں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ (ایس پی آئی) 4.8 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
جو ستمبرمیں 4.5 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 9.7 فیصد تھا،ہول سیل پرائس انڈیکس اکتوبرمیں 1.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا جوستمبرمیں 0.6 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 3.9 فیصد تھا،شہری علاقوں میں نان فوڈنان انرجی بنیادی افراط زرکی شرح 7.5 فیصد ریکارڈکی گئی جوستمبرمیں 7 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 8.6 فیصد تھی،دیہی علاقوں میں نان فوڈنان انرجی افراط زرکی شرح 8.4 فیصد ریکارڈکی گئی جوستمبرمیں 7.8 فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 11.7 فیصد تھی شہری علاقوں میں اکتوبرکے دوران بنیادی افراط زرکی شرح 6 فیصد اوردیہی علاقوں میں 6.8 فیصد ریکارڈکی گئی۔
اکتوبرکے دوران چکن کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر21.52 فیصد ، آلو2.36 فیصد ،بیسن 1.81 فیصد ،دال چنا1.74 فیصد ،دال مسور0.32 فیصد ،دال مونگ 0.20 فیصد ،مشروبات 0.08 فیصد ، شہد0.05 فیصد ،ٹیکسٹ بکس 2 فیصد اورتعمیراتی سامان کی قیمت میں 0.03 فیصد کی کمی ہوئی، اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 58.64 فیصد ، پیاز18.71 فیصد ،تازہ سبزیاں 12.22 فیصد ، گندم 10.51 فیصد ،آٹا5.49 فیصد ،انڈے 4.22 فیصد ، مچھلی 3.83 فیصد ،گندم سے بنی اشیاء 2.61 فیصد ، تازہ پھل 2.44 فیصد ، مکھن 2.21 فیصد ،بناسپتی گھی 1.91 فیصد ، کوکنگ آئل 1.02 فیصد ،بجلی کی قیمت 8.78 فیصد ، پوسٹل خدمات 6.10 فیصد ، ٹرانسپورٹ خدمات 2.93 فیصد ، ڈینٹل خدمات 1.19 فیصد اورٹیلرنگ خدمات کی قیمتوں میں 1.14 فیصد کااضافہ ہوا۔

WhatsApp
Get Alert