وزیرِ صحت کا فوری نوٹس: ایم ڈی کیٹ امتحان کے بکلیٹس فوراً اپلوڈ کرنے کی ہدایت
بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کو شفافیت یقینی بنانے کا حکم، طلبہ میں تشویش پائی جاتی تھی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز بلوچستان (BUMHS) کی جانب سے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحان کے بکلیٹ اپلوڈ نہ کیے جانے کی شکایت پر فوری نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان وزیرِ صحت کے مطابق، امتحان دینے والے متعدد طلبہ و طالبات نے شکایت کی تھی کہ امتحان ہونے کے باوجود بکلیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود نہیں، جس سے امیدواروں میں تشویش پائی جاتی تھی۔
وزیرِ صحت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو فوری ہدایات جاری کیں کہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے تمام بکلیٹس کو شفافیت کے تقاضوں کے مطابق فوراً اپلوڈ کیا جائے تاکہ امیدواروں کے خدشات دور ہوں اور میرٹ پر مبنی نظام پر ان کا اعتماد بحال ہو۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی امتحانی نظام پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی سطح پر طلبہ کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مستقبل میں ایسے مسائل کی روک تھام کے لیے امتحانی عمل میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
