بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ کوٹہ 10 ہزار سے بڑھا کر 18 ہزار کر دیا گیا، رانا مشہود احمد خان کا کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد معیشت کی بحالی اور دنیا بھر کے دروازے پاکستان کے لیے کھل گئے ہیں۔ انہوں نے منگل کو کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (QCCI) کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں زیتون اور مائنز و منرل کے شعبوں میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور نوجوان اب خود جاب کریئیٹر بن رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے طالب علموں کے لیے لیپ ٹاپ کا کوٹہ 10 ہزار سے بڑھا کر 18 ہزار کر دیا ہے، جبکہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی میں لیبر فورس میں 35 فیصد خواتین کی شمولیت کی منظوری دی گئی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے مصنوعی ذہانت (AI) کی پالیسی مرتب کی ہے اور مڈل ایسٹ، یورپ، کوریا، کینیڈا اور امریکہ میں پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیوٹیک کے فنڈز بڑھا دیے ہیں اور حکومت اگلے تین سالوں میں زرمبادلہ کو ڈبل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ پہلی ای سپورٹس پالیسی بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور وزیراعظم یوتھ پروگرام انہیں پلیٹ فارم دینے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے وفاق اور صوبے مل کر چلنے پر زور دیا اور بتایا کہ یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون کے لیے چیمبر آف کامرس سے مشاورت جاری ہے۔ رانا مشہود نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب میں فیفا ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی لیبر کی ضرورت ہوگی، اور ڈیجیٹل یوتھ حب پر رجسٹر ہونے والے 7 لاکھ نوجوانوں میں سے 70 ہزار کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کو فروغ دے کر احساس محرومی کو دور کیا جا سکتا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اس موقع پر QCCI کے صدر حاجی ایوب مریانی نے نوجوانوں اور خواتین کو ہنرمند بنا کر معاشی استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

WhatsApp
Get Alert