کوئٹہ سمیت بلوچستان میں موسم سرما کی شدت میں نمایاں اضافہ، کئی اضلاع میں یخ بستہ ہوائیں

افغانستان میں برفباری کے بعد درجہ حرارت میں تیزی سے کمی، کوئٹہ میں گیس کی بندش نے شہریوں کو دوہری اذیت میں مبتلا کر دیا


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، صبح اور رات کے اوقات میں چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔ شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے جبکہ بازاروں میں گرم جیکٹس، موزوں اور ہیٹرز کی مانگ بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، افغانستان کے صوبہ بلخاں اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں شدید برف باری کے بعد ٹھنڈی ہوائیں بلوچستان کے شمالی اضلاع تک پہنچ گئی ہیں، جس سے کوئٹہ، پشین، ژوب، قلعہ سیف اللہ، چمن، زیارت اور قلات سمیت کئی اضلاع میں موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں شمالی اور وسطی حصوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ڈگری کے قریب پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب، سرد موسم کے آغاز کے ساتھ ہی سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی بندش اور پریشر میں کمی نے شہریوں کو دوہری اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ کوئٹہ شہر میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک گیس مکمل بند رہتی ہے، جبکہ صبح کے وقت پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین خصوصاً خواتین کو ناشتہ تیار کرنے اور ہیٹر جلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث کوئٹہ کی مقامی مارکیٹوں میں گرم کپڑوں اور ہیٹرز کی خریداری کے لیے خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے، جس سے کاروبار میں قدرے بہتری آئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert