ڈی جی تعلقات عامہ بلوچستان کا محکمہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا اعلان

تمام ڈویژنل دفاتر کو کیمرے، ڈرونز اور لیپ ٹاپس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان نور محمد کھیتران نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محکمہ تعلقات عامہ (ڈی جی پی آر) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اس کی کارکردگی کو مزید فروغ دینے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات نصیرآباد ڈویژن نیک محمد کو کیمرہ، لیپ ٹاپ، ڈرون اور دیگر ضروری دفتری سامان حوالے کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نور محمد کھیتران نے کہا کہ بلوچستان کے تمام ڈویژنل دفاتر میں کیمرے، ڈرونز، لیپ ٹاپس اور دیگر جدید دفتری آلات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ سرکاری سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر انداز میں کوریج اور پروجیکشن کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلقات عامہ حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطہ ہے، جس کا بنیادی مقصد حکومت کے اقدامات اور عوامی فلاحی پالیسیوں کی درست اور بروقت اطلاع عوام تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمے کی کارکردگی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ڈی جی پی آر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومتی کارکردگی کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں تاکہ عوامی اعتماد میں مزید اضافہ ہو۔

WhatsApp
Get Alert