میرٹ کے بغیر ترقی فریب ہے ’وزیراعلیٰ نے کرپشن کو بلوچستان کا ‘اصل دشمن‘ قرار دے دیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ انسرجنسی (شورِش) نہیں، بلکہ کرپشن ہے، اور کرپشن کے خاتمے سے ہی صوبے میں حقیقی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہو گا۔

انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہاؤس میں نیشنل یوتھ کونسل کے اراکین سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، یوتھ ڈیلیگیٹس اور یوتھ ڈیپارٹمنٹ کے حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ صوبے میں میرٹوکریسی (میرٹ) کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور ریاست کے لیے ہر نوجوان ایک قیمتی اثاثہ ہے۔


انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریاست کے اصل بیانیے کو عام کریں اور مثبت سوچ کو فروغ دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دشمن عناصر تشدد کے ذریعے ریاست توڑنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تشدد پر مبنی رویوں اور منفی پروپیگنڈے کا جواب دلائل اور حقائق سے دیں۔


انہوں نے اعتراف کیا کہ نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ نوجوانوں کے ہر تلخ سوال کا جواب دلیل اور سچائی کی روشنی میں دینے کے لیے تیار ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر، وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے نیشنل یوتھ کونسل کے اراکین میں لیپ ٹاپ کی تقسیم بھی کی گئی۔
