“بلوچستان یونیورسٹی میں فیسوں میں ہوشربا اضافہ! بی ایس پروگرامز کی فیسیں غریب اور متوسط طلبہ کی پہنچ سے باہر،


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان یونیورسٹی کی جانب سے بی ایس پروگرامز (2025–29 سیشن) کی داخلہ فیس میں کیے گئے نمایاں اور ہوشربا اضافے پر والدین اور طلبہ شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے رواں سال فیسوں میں جو اضافہ کیا ہے وہ عوامی پہنچ سے باہر ہے۔ ذرائع کے مطابق، یونیورسٹی نے نئے ریوائزڈ فیس اسٹرکچر میں آئندہ ہر سال 10 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم والدین کے مطابق یہ حالیہ اضافہ معمول سے کہیں زیادہ کیا گیا ہے۔
بعض شعبوں، بالخصوص کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں، سیلف فنانس کیٹیگری کے تحت داخلہ لینے والے طلبہ سے پچاس ہزار روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔ والدین اور طلبہ نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں، جہاں تعلیمی سہولیات پہلے ہی محدود ہیں، فیسوں میں یہ غیر معمولی اضافہ متوسط اور غریب طبقے کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا مزید مشکل بنا دے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فیسوں میں کیے گئے حالیہ اضافے کا فوری نوٹس لیں اور انہیں سابقہ سطح پر بحال کریں۔

WhatsApp
Get Alert