بلوچستان میں 13 گھنٹے گیس بندش پر ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ!عوامی مفادات سے غفلت پر SSGCL حکام کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبے میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGCL) کے اعلیٰ حکام کو توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل بینچ نے کہا کہ SSGCL کا رویہ عوامی مفاد سے دانستہ غفلت کے مترادف ہے اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک آئین کے آرٹیکل 25 اور 158 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے کمپنی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش اور مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں صرف نام درج کر کے ذمہ داری پوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
عدالت میں ایک معذور صارف کا 5 لاکھ روپے کا بل بھی پیش کیا گیا، جس پر عدالت نے شدید حیرت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں شہری روزانہ 13 گھنٹے گیس بندش کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
