گاڑیوں کے شوقین صارفین کے لیے بری خبر، سوزوکی کا ایک اور مقبول ماڈل بند

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقامی گاڑیوں کی فہرست سے ایک اور ماڈل خاموشی سے بند کر دیا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں ایک اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقامی گاڑیوں کی فہرست سے سوزوکی ایوری وی ایکس ماڈل کو خاموشی سے ختم کر دیا ہے، اگرچہ کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم مختلف ذرائع اور رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ ماڈل اب کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، سوزوکی ایوری وی ایکس ماڈل گزشتہ سال سوزوکی بولان کے متبادل کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا، بولان کئی دہائیوں تک پاکستانی مارکیٹ میں ایک مقبول کمرشل اور فیملی گاڑی کے طور پر استعمال ہوتی رہی۔
کمپنی نے ایوری کو ایک جدید، آرام دہ اور محفوظ آپشن کے طور پر پیش کیا تھا، جو تجارتی اور گھریلو دونوں ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔
تاہم، اب کمپنی کی ویب سائٹ پر صرف وی ایکس آر (VXR) ورژن موجود ہے، جب کہ وی ایکس (VX) ماڈل کو مکمل طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔
حالیہ ہفتوں تک دونوں ماڈلز باضابطہ طور پر دستیاب تھے، لیکن اب وی ایکس کی تفصیلات اور قیمتیں غائب ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی نے حال ہی میں ایوری وی ایکس آر پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کی رعایت کا اعلان کیا تھا، مگر اس آفر میں وی ایکس ماڈل شامل نہیں تھا، جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہو گیا کہ محدود طلب کے باعث کمپنی نے وی ایکس کی پیداوار بند کر دی ہے۔
ابھی تک پاک سوزوکی کی جانب سے اس فیصلے پر کوئی وضاحت یا بیان جاری نہیں کیا گیا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ محدود فروخت، لاگت میں اضافہ اور مارکیٹ کے بدلتے رجحانات نے کمپنی کو یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا ہے ۔
