“کرپٹ حکومت کا ‘غیر آئینی وجود’ کسی صورت قبول نہیں: پشتونخوا میپ کا 10 نومبر کو پشین میں لیویز انظمام کیخلاف بڑے احتجاجی مظاہرے کا اعلان
پشین: پی کے میپ کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس، لیویز کو پولیس میں ضم کرنے اور 'فارم 47' کی حکومت پر شدید تنقید

پشین (قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) ضلع پشین کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر عمر خان ترین کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال اور صوبائی صدر عبدالقاار ودان سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10 نومبر بروز سوموار صبح 10 بجے پارٹی کے ضلعی دفتر سے لیویز کو پولیس میں ضم کرنے، پشین میں بدامنی، کراچی میں پشتونوں پر مظالم، نادرا میں عوام کی تذلیل، اور افغان کڈوال عوام پر ظلم کے خلاف ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
کرپشن اور آئین پر حملہ:
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرحیم زیارتوال اور عمر خان ترین نے ‘فارم 47’ کی مسلط حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر آئینی اور غیر جمہوری ترامیم کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلط حکومت کا وجود ہی زر و زور کی بنیاد پر قائم ہوا ہے، جس کا مقصد آئین پر حملہ کرنا تھا۔ قائدین نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں عوام کے حقیقی نمائندوں کی جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا، جس پر پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی نے بروقت نشاندہی کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سنبھالی۔
ملک میں بدترین حالات:
قائدین نے کہا کہ ملک کا آئین اس وقت پائمال ہوچکا ہے، پارلیمنٹ کی بے توقیری جاری ہے، اور ملک میں بدترین مہنگائی، سخت ترین بیروزگاری اور بدامنی نے عام عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کی تمام تر توجہ کرپشن، کمیشن، پرسنٹیج، اور لیویز فورسز کو پولیس میں ضم کرنے جیسے عوام دشمن فیصلوں پر ہے۔
جلسہ عام کا اعلان:
اجلاس میں پارٹی کارکنان کو ہدایت کی گئی کہ وہ 2 دسمبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونے والے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 52 ویں برسی کے موقع پر عظیم الشان مرکزی جلسہ عام کی بھرپور تیاری کریں، جس سے محمود خان اچکزئی اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
