“27 ویں آئینی ترمیم میں بلوچستان نے شرط رکھ دی : ے ‘انصاف’ کے لیے اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کا مطالبہ “


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سیکریٹری جنرل سینیٹر منظور کاکڑ نے 27 ویں آئینی ترمیم میں بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے اتحادی جماعتوں سے درخواست کی کہ مجوزہ ترمیم میں بلوچستان کی نمائندگی میں اضافہ شامل کیا جائے، جسے انہوں نے وقت کی اہم ضرورت اور پورے پاکستان کے مفاد میں قرار دیا۔ منظور کاکڑ نے کہا کہ صوبے کے حلقوں میں آبادی، بے روزگاری اور ترقیاتی چیلنجز دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں، اس لیے اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل اور ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ مسئلہ 26 ویں آئینی ترمیم کے وقت بھی اٹھایا گیا تھا اور موجودہ حالات میں مناسب نمائندگی کے بغیر بلوچستان کے مسائل قومی سطح پر موثر انداز میں حل نہیں ہو سکتے۔ سینیٹر کاکڑ نے عوام سے بھی اس مطالبے کے لیے سیاسی رہنماؤں پر زور دینے کی اپیل کی۔

WhatsApp
Get Alert