بلوچستان: ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ سے تاجر جاں بحق، قلات اور سنجاوی میں خوفناک حادثات 3 افراد جاں بحق
نصیر آباد میں مسافر کوچ پر فائرنگ 3 مسافر زخمی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور خوفناک ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک ہی دن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ڈیرہ مراد جمالی کی سبزی منڈی میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں معروف تاجر سیٹھ منیر لانگو شدید زخمی ہوئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب، قلات کے علاقے سنگداس کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم ہوا، جس میں عبدالقدوس اور کار ڈرائیور سجاد علی موقع پر جاں بحق جبکہ محمد اسماعیل اور محمد افضل زخمی ہوئے۔ اسی طرح سنجاوی کے خرشنگ روڈ پر زیر تعمیر سڑک پر موٹر سیکل اور ٹریکٹر کے تصادم کے نتیجے میں سکول کا ایک طالب علم موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
مزید برآں، نصیر آباد کے نوتال میں ایک مسافر کوچ پر فائرنگ کے نتیجے میں تین مسافر زخمی ہوئے، جن میں حضرت گل، دیا زوجہ آکاش کمار اور آسی کمار شامل ہیں، زخمیوں کو سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا گیا ہے۔
