بلوچستان عوامی پارٹی کا 27ویں آئینی ترمیم میں بلوچستان کی اسمبلی نشستیں بڑھانے کا مطالبہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم میں بلوچستان کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔
بی اے پی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے دوران بھی نشستوں میں اضافے سے متعلق اتحادی جماعتوں سے بات چیت ہوئی تھی اور اس وقت اتحادیوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ آئندہ آئینی ترمیم میں یہ معاملہ حل کر دیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور آبادی کے اعتبار سے بھی کئی حلقے ضرورت سے زیادہ وسیع ہیں۔ اس وقت بلوچستان کا ایک انتخابی حلقہ تقریباً ساڑھے تین سے چار لاکھ آبادی پر مشتمل ہے، جو دیگر صوبوں کے مقابلے میں غیر متوازن نمائندگی ظاہر کرتا ہے۔
بی اے پی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کو کم کرنے کے لیے 27ویں آئینی ترمیم میں نشستوں کے اضافے کو یقینی بنائے تاکہ صوبے کی حقیقی آبادی اور جغرافیائی وسعت کے مطابق نمائندگی فراہم کی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert