میکسیکن صدر کو ہراسانی کا سامنا، مجمعے میں موجود شخص کی بوسہ لینے کی کوشش

میکسیکوسٹى(قدرت روزنامہ)میکسیکو کی خاتون صدر کلاڈیا شین بام کے ساتھ حامیوں سے ملاقات کے دوران ہراسانی کا واقعہ پیش آیا۔
اقوام متحدہ کی خواتین سے متعلق ایجنسی (یو این ویمن) کے اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی تقریباً 70 فیصد خواتین اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جنسی ہراسانی کا سامنا کرتی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی صدر کے ساتھ ہراسانی کا یہ واقعہ منگل کو پیش آیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
🇲🇽 Mexican President Claudia Sheinbaum was sexually assaulted on Tuesday, while interacting with passers-by on the streets of Mexico City. pic.twitter.com/8K2u1XMJyl
— FRANCE 24 English (@France24_en) November 5, 2025
شین بام صدارتی محل کے قریب ایک تقریب کے لیے جا رہی تھیں کہ راستے میں ان کے حامی ملے، وہ حامیوں سے ہاتھ ملا رہی تھیں جب کہ انہوں نے تصاویر بھی بنوائیں، اس دوران ایک شخص پیچھے سے آیا اور اس نے غیر اخلاقی انداز میں صدر کو چھوتے ہوئے گردن پر بوسہ لینے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق صدارتی سکیورٹی ٹیم کے ایک اہلکار نے فوری طور پر اُس شخص کو پیچھے ہٹا دیا جب کہ اس شخص کو نشے میں دھت بتایاگیا ہے۔
اس رویے کے باوجود کلاڈیا شین بام نے اس شخص سے مہذب انداز میں برتاؤ کیا اور اس کے ساتھ تصویر بنوانے پر رضامندی ظاہر کی تاہم بعد میں سکیورٹی حکام نے اطلاع دی کہ اُس شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزارت خواتین کی سربراہ نے اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج اپنی صدر کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
