فوج کے بغیر دہشتگردی پرقابو نہیں پاسکتے، آئی جی خیبر پختونخوا کی سکیورٹی کمیٹی کو بریفنگ


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا اسمبلی کی سکیورٹی کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا نے سکیورٹی کمیٹی کو بریفنگ میں واضح طور پر کہہ دیا کہ پولیس کے پاس وسائل کم ہیں، فوج کے بغیر دہشت گردی پر قابو نہیں پاسکتے، پولیس کی تعداد کم ہے، استعدادکار اور صلاحیت کا بھی مسئلہ ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی کا کہنا تھا کہ صوبے میں پولیس اہلکاروں کی کل تعداد تقریباً 1لاکھ 30 ہزار ہے، 20 سے 30 فیصد پولیس اہلکار اعلیٰ شخصیات کی سکیورٹی پر مامور ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے فعال پولیس اہلکاروں کی تعداد تقریباً 80 ہزار رہتی ہے جو کم ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی جی خیبرپختونخوا کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس کے پاس گاڑیوں کی کمی ہے، دفاتر اورپولیس اسٹیشن تک کم ہیں، سی ٹی ڈی میں اہلکاروں کی تعداد انتہائی کم اور استعدادکارکا بھی مسئلہ ہے۔ آئی جی نے مزیدکہا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے بجٹ بھی ناکافی ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ایک کلومیٹر رنگ روڈ کی تعمیر پر آنے والے خرچے سے بھی کم بجٹ پولیس کو دیا جاتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert