فارم 47 کے تشکیل کردہ پارلیمنٹ،وزیراعظم کو آئین میں کسی ترمیم کا اختیار حاصل نہیں ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جارہ کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ زر وزور اور سرکاری بھونڈے طریقے سے الیکشن 2024کے نتیجے کی فارم 47سے تبدیلی اور اس کے تشکیل کردہ پارلیمنٹ، وزیر اعظم کو آئین میں کسی ترمیم کا اختیار حاصل نہیں۔ اور حالیہ27ویں آئینی ترمیم متفقہ وفاقی آئینی ڈھانچے کی بنیادیں ہلانے اور مکمل تباہ کرنے کے مترادف ہیں۔27ویں آئینی ترمیم سے وفاقی ڈھانچے اور اختیارات کے توازن کو تبدیل کرنا، عوامی نمائندگی اور عوامی مینڈیٹ کے خاتمے کے متراف ہیں جسے قبول کرنا ملک اور عوام کی بدترین دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری 2024 کے انتخابات کی شفافیت کو ملک کے اپنے تشکیل کردہ ادارہ برائے شفافیت الیکشن فافن، یورپی یونین، اقوام متحدہ اور بہت سے بین االقوامی اداروں اور ملک کی بڑی اکثریت کے سیاسی پارٹیوں نے اسے ملکی تاریخ کا سب سے دھاندلی زدہ الیکشن قرار دیکر مسترد کیا تھا اور اس طرح نام نہاد وزیر اعظم، ان کے کابینہ، پارلیمنٹ اور حکومت کی ملکی اور بین الاقوامی طور پر حیثیت متنازعہ بن گئی ہے۔ الیکشن ہارنے والے شخص کو وزیر اعظم بنانا اور بھونڈے طریقے سے الیکشن کا نتیجہ تبدیل کرنا دراصل ان کے ذریعے آئین پاکستان کی پائمالی اور دنیا اور ملک میں مروج جمہوری اصولوں کے خاتمے اور سرکاری ملازمین کو ملک کے سیاہ اور سفید کا مالک بنانے کی تگ ودو میں مصروف عمل اداروں نے آج ملک کو ہمہ جہت بحرانوں میں مبتلا کردیا ہے اور آج ملک میں مکمل سیاسی عدم استحکام ہے جس سے ملک کے بحران شدید سے شدید تر ہوتے جارہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ملک معاشی دیوالیہ پن کی طرف گامزن ہے،روپے کی قدر گھٹ رہی ہے اور ڈالر ودیگر غیر ملکی کرنسیوں کی اُڑان جاری ہے، اور فارم47کے نام نہاد نمائندوں کے ذریعے جمہوریت اور جمہوری نظام کی تضحیک کی جارہی ہے۔ تمام ملک میں کرپشن کا دوردورہ ہے اور ملک کی طاقتور ایجنسیاں کرپٹ، رشوت خور، جرائم پیشہ عوام دشمن مافیا کی سرپرستی کررہی ہیں جس سے ملک اور ان کے آئینی اداروں کا کردار سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے کی صورت حال ملکی بقاء اور استحکام اور بحرانوں کی حل کے لیے ملک کی تمام سنجیدہ سیاسی جمہوری پارٹیوں، جمہوری قوتوں، میڈیا، عدلیہ اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی مشترکہ اور اولین ذمہ داری ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ یا سیاسی جمہوری قوتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے فارم 47کی حکومت کی بلا تاخیر خاتمے کے لیے آواز بلند کرے اور آئین کی پائمالی کی غیر جمہوری عمل کے خاتمے میں اپنا سنجیدہ، موثر کردار ادا کرے۔

WhatsApp
Get Alert