بلوچستان ٹیکنیکل بورڈ کے امتحانات میں سنگین بے ضابطگیاں حاضر طلبا کو غیر حاضر ظاہر کر کے فیل قرار دے دیا گیا

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بلوچستان بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کوئٹہ میں امتحانات کے دوران سنگین انتظامی بے ضابطگی سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں طلبا کو ان مضامین میں فیل قرار دے دیا گیا جن کے پیپرز میں وہ باقاعدہ شریک ہوئے تھے۔ طلبا کے مطابق رزلٹ کے اجرا کے بعد جب انہوں نے اپنی مارکس شیٹس دیکھیں تو حیران کن طور پر کئی پیپرز میں انہیں “غیر حاضر” لکھا گیا، حالانکہ وہ تمام امتحانات میں شریک ہوئے، حاضری شیٹس پر دستخط کیے اور سوالیہ پرچے جمع کرائے۔
ذرائع کے مطابق طلبا نے جب کالج انتظامیہ اور بلوچستان بورڈ سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ بورڈ کے ریکارڈ میں وہ پیپرز میں شریک ہی نہیں ہوئے۔ اس پر طلبا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ انتظامی نااہلی نہیں بلکہ ایک منظم بدعنوانی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے طلبا کو دوبارہ فیس جمع کرانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ متاثرہ طلبا نے اس واقعے کے خلاف تحریری درخواستیں بلوچستان بورڈ کی ٹیکنیکل برانچ میں جمع کرادی ہیں، جبکہ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
طلبا نے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام پیپرز اور حاضری شیٹس دوبارہ نکال کر تصدیق کی جائے تاکہ حقائق واضح ہوں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاملے کو شفاف انداز میں حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاجی مظاہروں اور قانونی چارہ جوئی پر مجبور ہوں گے۔
