برطانوی فورسزکے چیف آف دی جنرل اسٹاف کی فیلڈمارشل سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانےپر تبادلہ خیال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ کی آرمڈ فورسز کے چیف آف دی جنرل اسٹاف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے ، شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پاکستان آرمی کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف دی جنرل اسٹاف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کی کامیابیوں کو سراہا۔
ملاقات میں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
