بزنس کمیونٹی کیلئے میزان بینک کا بڑا اعلان — کمرشل و فنانس ٹیم کے سیشنز جلد منعقد کیے جائیں گے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)میزان بینک کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ سید سلمان احمد نے کہا ہے کہ میزان بینک بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ جلد بینک کی کمرشل اور فنانس ٹیم کے بلوچستان کے تاجروں کے ساتھ خصوصی سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ کاروباری برادری اپنے مطالبات براہِ راست بینک انتظامیہ کے سامنے پیش کر سکے۔
انہوں نے یہ بات ایوانِ صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر میزان بینک کے ریجنل منیجر کمرشل بینکنگ کوئٹہ عامر علی درانی اور ایریا منیجر خالد محمود بھی موجود تھے۔
صدر ایوب مریانی نے مطالبہ کیا کہ میزان بینک ہمسایہ ممالک سے متصل بارڈرز پر اپنی برانچز قائم کرے تاکہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی اور بینک دونوں کو فائدہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں فنانسنگ نہ ہونے کے برابر ہے، لہٰذا بینک آسان بزنس لون اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے۔
سید سلمان احمد نے بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ میزان بینک صرف رقوم جمع نہیں کرتا بلکہ سرمایہ کاری کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مفصل سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ اقتصادی ترقی کے نئے راستے کھولے جا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert