کوئٹہ میں ‘ڈیجیٹل بلیک آؤٹ’: سیکیورٹی خدشات پر موبائل انٹرنیٹ بند، تاجروں اور طلبہ کا آن لائن نظام ٹھپ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

کوئٹہد (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعہ کے روز موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے، جس سے شہریوں، طلبہ اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق، ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سروس معطل کی، تاہم پیشگی اطلاع نہ دیے جانے پر عوام میں شدید پریشانی پھیل گئی۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے سبب آن لائن کلاسز، امتحانات کی تیاری اور ایزی پیسہ/جاز کیش جیسی آن لائن ادائیگیوں پر انحصار کرنے والا کاروباری لین دین مکمل طور پر ٹھپ ہو گیا۔ تاجر برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بندش سے بلوچستان کے لوگ تعلیم، تجارت اور مواصلات میں مسلسل پیچھے رہ رہے ہیں۔ اگرچہ انتظامیہ نے حالات بہتر ہوتے ہی سروس بحال کرنے کا یقین دلایا ہے، مگر عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے فیصلے کرتے وقت عوامی سہولت اور پیشگی اطلاع کو مدنظر رکھا جائے تاکہ روزمرہ کے مالی اور تعلیمی معاملات متاثر نہ ہوں۔
