” شہداء کی قربانیوں کو فراموش کرنے والے بیانات ناقابلِ معافی ہیں، سرفراز بگٹی کا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر سخت ردِعمل


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے خلاف دیے گئے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے قومی یکجہتی کے منافی اور دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کے تحفظ اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر افسران اور جوان قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ایسے محب وطن سپوتوں کے بارے میں منفی اور بے بنیاد گفتگو کسی بھی ذی شعور پاکستانی کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کا بیان نہ صرف سکیورٹی اداروں کی توہین ہے بلکہ ان ہزاروں شہداء کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر اس وطن میں امن بحال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے بیانات دشمن قوتوں کو خوش کرنے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں اور پوری قوم کے ساتھ ساتھ عالمی برادری بھی ان کے کردار کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی فورسز ہیں جنہوں نے بلوچستان سے لے کر خیبر تک اپنی جانیں نچھاور کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان پر قوم اور شہداء کے لواحقین سے فی الفور معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ ایسے بیانات دشمن کے عزائم کو تقویت دیتے ہیں اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن سکیورٹی اداروں کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ سکیورٹی فورسز ہمارے فخر اور استحکام کی علامت ہیں، اور بلوچستان حکومت ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

WhatsApp
Get Alert