مینا مجید بلوچ کا بلوچستان اکیڈمی تربت کے لیے گرانٹ میں اضافے اور ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کا اعلان


تربت (ڈیلی قدرت) صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوان مینا مجید بلوچ نے جمعہ کے روز بلوچستان اکیڈمی تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی کے سالانہ گرانٹ میں اضافے اور “واجہ تاج محمد ڈیجیٹل لائبریری” کے قیام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اکیڈمی پہنچنے پر چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد اور دیگر عہدیداروں نے صوبائی مشیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
اکیڈمی کے چیئرمین نے مشیر کو ادارے کی تعلیمی و ادبی خدمات اور موجودہ مالی مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اکیڈمی تربت کئی دہائیوں سے زبان، ادب، تحقیق اور ثقافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، تاہم حالیہ برسوں میں گرانٹ میں کمی کے باعث ادارہ مالی بحران کا شکار ہے۔
مینا مجید بلوچ نے اکیڈمی کی علمی و ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گرانٹ میں اضافے کے لیے ذاتی طور پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بات کریں گی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت اکیڈمی کی عمارت کی توسیع اور ڈیجیٹل لائبریری کے قیام میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
مزید برآں، صوبائی مشیر نے اعلان کیا کہ معروف شاعر ملا فاضل کے کلام کو کلیات کی صورت میں اردو، انگریزی اور فارسی تراجم کے ساتھ شائع کرنے کے لیے 5 ملین روپے کی ریسرچ اسکیم آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
آخر میں چیئرمین ڈاکٹر غفور شاد، جنرل سیکریٹری مقبول ناصر، فضل بلوچ، احمد عمر، جمال پیر محمد، شگر اللہ یوسف، راشد حسرت اور دیگر اراکین نے مشیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے اقدامات سے تربت اور مکران میں علمی و ادبی سرگرمیوں کو نئی جہت ملے گی۔

WhatsApp
Get Alert