کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی پر نیشنل پارٹی کا اظہار تشویش، سوئی سدرن گیس حکام سے ملاقات میں فوری اقدامات کا مطالبہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) نیشنل پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ کی سربراہی میں پارٹی کے وفد نے جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی سے ملاقات کی، جس میں کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد میں نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو، نیاز بلوچ اور سلمہ قریشی شامل تھیں۔
نیشنل پارٹی کے وفد نے کلی عالمو، کلی اسماعیل، کلی شابو، برات سریاب سمیت دیگر علاقوں میں گیس کے کم پریشر اور بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے آغاز میں ہی گیس کی قلت عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ شدید سردی میں اذیت کا شکار ہیں جبکہ رات دس بجے کے بعد گیس مکمل طور پر بند کر دی جاتی ہے جو عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
وفد نے کہا کہ کوئٹہ جیسے سرد علاقے میں گیس کی فراہمی بنیادی ضرورت ہے اور حکومت سمیت متعلقہ ادارے اس مسئلے کے حل کے ذمہ دار ہیں۔
جی ایم سوئی سدرن گیس نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ علاقوں میں پریشر کی بہتری اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
نیشنل پارٹی کے وفد نے امید ظاہر کی کہ سوئی گیس انتظامیہ اپنی یقین دہانی پر عمل کرے گی تاکہ عوام کو درپیش مسائل سے جلد از جلد نجات مل سکے۔

WhatsApp
Get Alert