دالبندین میں قبائلی رہنما سردار حسین قتل، ضلع چاغی میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ

دالبندین (قدرت روزنامہ)ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قبائلی رہنما سردار حسین کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے سردار حسین پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مقتول کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ ضلع چاغی میں رواں ماہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں اب تک چار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
