پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے بہت کام کرنا باقی ہے، شہباز شریف

انسانی حقوق کے عالم گیر اعلامیہ کو منظور ہوئے 73 سال گزر گئے، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم وعدوں کے ایفا ہونے کے منتظر ہیں، قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر فلسطین اور کشمیرکے عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی اسلام آ باد(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے بہت کام کرنا باقی ہے . شہبازشریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر فلسطین اور کشمیرکے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے عالم گیر اعلامیہ کو منظور ہوئے 73 سال گزر گئے، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم وعدوں کے ایفا ہونے کے منتظر ہیں .

شہبازشریف نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے لیے عالمی سطح پر ایک پیمانہ اور مساوی انداز اپنانے سے ان دنوں اور اعلامیوں کی ساکھ بن سکتی ہے . شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، انسانی حقوق کے یواین کے اداروں اور عالمی تنظیموں کو فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا . قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو سوچنا ہوگا کہ انسانی حقوق کے عالم گیر اعلامیہ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے والی ریاستیں کیوں احتساب سے مستثنی ہیں . انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو انسانی حقوق کے دنیا میں یکساں نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اجتماعی دانش بروئے کار لانا ہوگی . شہبازشریف نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے احترام، بلاامتیاز اطلاق کے لیے جامع اور مسلسل کوششوں کا عہد کرنا ہوگا، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا . انہوں نے کہا کہ جس نظام میں شہریوں کے انسانی حقوق کا احترام، تحفظ اور فروغ نہ ہو، اسے جمہوری یا قانونی نظام نہیں کہا جاسکتا . شہبازشریف نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ لفاظی سے نہیں بلکہ عدل وانصاف کے بے لاگ نفاذ سے ہی ممکن ہوا ہے . . .

متعلقہ خبریں